کراچی (ویب ڈیسک) معروف امریکی اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب برائے مہاجرین انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنالیا اور پہلی ہی پوسٹ افغان خواتین کے نام کردی۔
انجلینا جولی نے آج انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنایا ہے اور ایک ہی دن میں ان کے فالوورز کی تعداد 51 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ امریکی اداکارہ نے اپنی پہلی پوسٹ میں افغانستان کی ایک نوعمر لڑکی کے خط کا عکس شائع کیا ہے جس میں لڑکی نے لکھا ہے کہ افغانستان میں لوگ سوشل میڈیا پر بات چیت اور آزادانہ اظہار خیال کا حق کھو رہے ہیں۔
انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ میں نے انسٹاگرام پر اکاؤنٹ اسی لیے بنایا ہے کہ ایسی کہانیاں دنیا بھر کے لوگوں کو سناؤں، اُن کی آواز بنوں جو اپنے بنیادی انسانی حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔
انجلینا جولی نے پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا کہ میں نے نائن الیون سے دو ہفتے قبل افغانستان کی سرحد کا دورہ کیا تھا جہاں افغان مہاجرین سے ملی تھی۔ بیس برسوں بعد ایک بار پھر وہ لوگ بے گھر ہونے کے خوف اور غیر یقینی صورتحال سے پریشان ہیں۔
یاد رہے کہ خوبصورت اور باصلاحیت شہرہ آفاق امریکی اداکارہ انجلینا جولی کی انسان دوستی کو دیکھتے ہوئے اقوام متحدہ نے انھیں خصوصی مندوب برائے مہاجرین مقرر کیا تھا۔ وہ دنیا بھر میں جنگ زدہ علاقوں میں پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کرتی ہیں اور بے وطن لوگوں کی داد رسی کرتی ہیں۔