کراچی (ویب ڈیسک): بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان تاؤتے بھارتی ریاست سے ٹکرانے کے بعد اپنا اثر بڑی حد تک کھو چکا ہے تاہم شہر قائد سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں پڑنے والی شدید گرمی کا زور ٹوٹنے کا نام نہیں لے رہا۔
سمندری طوفان ’تاؤتے‘ بھارت کی مختلف ریاستوں میں تباہی مچانے کے بعد اب اپنی شدت بڑی حد تک کھو چکا ہے اور اب یہ ہوا کے کم دباؤ کی شکل میں راجستھان میں موجود ہے لیکن کراچی میں گزشتہ 3 روز سے جاری شدید گرمی کی لہر منگل کو بھی برقرار ہے۔
کراچی میں سمندری ہوائیں 3 روز سے بند ہیں جس کی وجہ سے شہر میں لو کے تھپیڑوں کا راج ہے۔ دن دو بجے شہر کا درجہ حرارت 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جب کہ گرمی کی شدت 41 ڈگری تک محسوس کی گئی۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بدھ کی دوپہر سے بحال ہوجائیں گی۔ جس کے بعد درجہ حرارت میں کسی حد تک کمی واقع ہوگی۔