بغداد: عراق میں امریکی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے فضائی اڈے پر نامعلوم مقام سے 13 راکٹس داغے گئے جن میں سے 10 بیس کے مرکزی حصے میں گرے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے صوبے انبار میں امریکی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے فوجی اڈے ’’ عین الاسد‘‘ میں 10 راکٹ آکر گرے جس سے عمارت کے کچھ حصے کو شدید نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ویئن ماروٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ حملہ علی الصبح کیا گیا جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ حملہ آوروں سے متعلق تفتیش جاری ہے، جلد حقائق بتائے جائیں گے۔
فوجی اڈے پر حملہ اُس وقت کیا گیا ہے جب امریکا کی طرف سے گزشتہ ہفتے عراق اور شام کی سرحد کے قریب ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا گروپ کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 16 فروری کو امریکی فوجی اڈے پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی سویلین کنٹریکٹر ہلاک اور امریکی فوجی زخمی ہوگیا تھا۔