لاہور (ویب ڈیسک): کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان میں مقیم 748 بھارتی شہریوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے اور 250 بھارتی شہریوں کا پہلا گروپ آج واہگہ بارڈر کے راستے واپس لوٹ گیا ہے۔
کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان میں مقیم 250 بھارتی شہریوں کا پہلا گروپ آج 25 جون کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس انڈیا لوٹ گیا ہے، جبکہ 250 بھارتی شہریوں کا دوسرا گروپ 26 جون اور تیسرا گروپ 27 جون کو واپس جائے گا۔ بھارتی شہری اپنے رشتہ داروں سے ملاقات اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے پاکستان آئے تھے تاہم لاک ڈاؤن اور پاک بھارت سرحد بند ہونے کی وجہ سے ان کی واپسی نہیں ہوسکی تھی۔ پاکستان میں مقیم 748 افراد میں سے 402 کا تعلق مقبوضہ جموں وکشمیرسے ہے اوریہ زیادہ ترطلبا وطالبات ہیں جو پاکستان میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کررہے ہیں، جمعرات کے روزواپس جانے والوں میں زیادہ ترکشمیری شہری ہیں، جبکہ دیگرہندوستانیوں کی بات کی جائے توان میں سے 70 کا تعلق گجرات، 61 مہاراشٹرا، 46 اترپردیش، 38 راجستھان، 36 پنجاب، 26 دہلی، مدھیہ پردیش سے 15 ہریانہ سے 14، تلنگا سے 11، کرناٹکا اورچندی گڑھ سے 6،6 چھتیش گڑھ سے 5، تامل ناڈو سے چار،ویسٹ بنگال سے 3، اتراکھنڈ سے 2، ہماچل سے 2 اورایک شہری کا تعلق بہار سے ہے۔