کراچی (ویب ڈیسک): سندھ میں کورونا کی ٹیسٹنگ 50 فیصد سے بھی کم ہوگئی کیونکہ کورونا سے متاثر ہونے کے باعث ٹیسٹنگ کا عملہ ہی نایاب ہوگیا۔
سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ کے دستیاب عملےکو اسٹاف کی کمی کے باعث بیک لاگ پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
21 جون کو سندھ میں 13890، 22 جون کو 9841 اور 23 جون کو یہ تعداد مزید کم ہوکر صرف 6597 ٹیسٹ رہ گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے 23 جون کے اعداوشمار جاری ہی نہیں کیے جب کہ 24 جون کو وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں 7400 ٹیسٹ کیےگئے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق سول، جناح، اوجھا اور کراچی یونیورسٹی سمیت دیگر لیبارٹریز میں ہزاروں ٹیسٹ کے نتائج جاری نہیں کیے جاسکے۔
اس کے علاوہ گزشتہ ہفتےسے گھروں پر جاکر ٹیسٹنگ کی سہولت بھی بند کی جاچکی۔
واضح رہے کہ کورونا کیسز کی تعداد میں سندھ میں روز بروز تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اب تک صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 74070 ہے جب کہ 1161 مریض انتقال بھی کر چکے ہیں۔ متاثر ین میں عام افراد سمیت وزرا، ڈاکٹرز، طبی عملہ اور مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔