کراچی (اسٹاف رپورٹر): گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2190 نئے کیس سامنے آئے اور مزید 35 مریضوں کی اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1048 ہوگئی ہے جبکہ تشخیص شدہ مریضوں کی تعداد 67353 تک پہنچ گئی ہے ۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ایک پریس بیان میں کہی۔
بیان کے مطابق 10830 ٹیسٹ کئے گئے جن کے نتیجے میں 2190 کیسز کی تشخیص ہوئی جوکہ 20.2 فیصد بنتے ہیں۔ اب تک 364959 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جن سے سندھ بھر میں 67353 کیس مثبت تشخیص ہوئے ۔ مجموعی طور پر مثبت کیسز کی شرح 18.2 فیصد ہوگئی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 35 مزید مریضوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہے اور کورونا وائرس کے باعث جان بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 1048 ہوگئی ہے جوکہ 1.5 فیصد شرح اموات بنتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کہا کہ 32193 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 30504 گھریلو میں آئسولیشن میں، 62 قرنطینہ مراکز میں اور 1627 مختلف اسپتالوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 700 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں 116 مریضوں کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ مزید 1387 مریض صحتیاب ہوکر معمول کی زندگی میں واپس آئے ، اب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 34112 ہوگئی ہے۔ نئے کیسوں کی ضلعی سطح پر اعداد شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ 2190 مثبت کیسز میں سے کراچی کے 1315 کیسز سامنے آئے ہیں۔
ان میں ضلع شرقی 360 ، ضلع جنوبی 346 ، ضلع ملیر 185 ، ضلع وسطی 165، ضلع غربی 140 اور ضلع کورنگی 119 شامل ہیں۔ دیگر اضلاع سے متعلق انھوں نے بتایا کہ خیرپور میں 123 ، حیدرآباد 111 ، گھوٹکی 79 ، سکھر 76 ، میرپورخاص 33 ، لاڑکانہ 31 ، نوشہروفیروز 30 ، دادو 28 ، سانگھڑ 16 ، شہید بینظیر آباد 12 ، کشمور 11 ، جامشورو 8، بدین اور عمرکوٹ میں 6-6، سجاول اور ٹنڈو الہیار 5-5 ، جیکب آباد 3، ٹھٹھہ 2اور مٹیاری 1 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ہمیشہ کی طرح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایس او پی پر عمل کریں ، باہر جاتے وقت ماسک پہنیں اور صوبے کے مختلف اضلاع کے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں منتخب لاک ڈاؤن پر عملدرآمد میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔