کراچی: کمشنر کراچی نے کورونا وائرس کی بڑھتے ہوئے کیسز کی پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں میں جمعرات شام 7 بجے سے اسمارٹ لاک ڈاون کرنے کا اعلان کردیا۔
کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے مختلف ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے مختلف یوسیز کو سیل کرنے کی سفارش کی گئی تھی تاہم اب کمشنر ہاؤس جاری اعلامیہ کے مطابق شہر قائد میں کورونا وبا سے زیادہ متاثر ہونے والی یوسیز میں جمعرات شام 7 بجے سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے گا، علاقوں کا تعین ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنرز نے اپنی رپورٹ میں مختلف علاقوں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاون کی سفارش کی تھی جس پر جمعرات کی شام 7 بجے سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
کمشنر کراچی افتخار شلوانی کے مطابق لاک ڈاون کے دوران پابندی والے علاقوں میں آمدورفت پر پابندی ہوگی۔ اسمارٹ لاک ڈاون کا فیصلہ کراچی کے مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کی سفارشات کی روشنی میں کیا جارہا ہے، اسمارٹ لاک ڈاون میں تمام کاروباری سرگرمیوں معطل رہے گی جبکہ میڈیکل اسٹور۔گروسری کی دکانیں اور دودہ کی دکانیں کھلی رہے گی۔ رات گئے کمشنر آفس سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع کورنگی کی یوسی 2، ملیر ٹاؤن یوسی ایک، لانڈھی ٹاؤن یوسی 9 جب کہ شاہ فیصل ٹاؤن کی یو سی 7اور 9، ضلع جنوبی کی یوسی کراچی کنٹونمنٹ بورڈ، یوسی کھارادر 3،یوسی صدر8، یوسی فیز فور، یوسی لیاری، ضلع شرقی گلشن ٹاؤن کی یوسی1، دو، چار،چھ، سات، آٹھ، نو، دس، بارہ، تیرہ، چودہ کے علاوہ جمشید ٹاؤن کی یوسی چھ، سات، آٹھ، دس،گیارہ، بارہ ، ضلع غربی کی یوسی 5،تین،چار، چھ، اور غازی آباد، ضلع ملیر کی یوسی تین، یوسی چھ گلشن حدید، یوسی پانچ، یوسی ایک، یوسی تین اور یوسی چار جبکہ ضلع سینٹرل میں گلبرک کی مخصوص گلیاں اور ناتھ کراچی کے مخصوص علاقوں کے علاوہ انارکلی مارکیٹ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔