لاڑکانہ : وزیراعظم عمران خان نے لاڑکانہ میں احساس ایمرجنسی کیش ڈسٹری بیوشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں گورنرسندھ عمران اسماعیل اور معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے وزیرِاعظم کوبتایاکہ سندھ میں 60 ارب روپے دیے جا رہے ہیں اور سندھ کے 50 لاکھ خاندانوں کو احساس کیش مہیا کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پراحساس کیش پروگرام میں سندھ کا حصہ 22 سے 31 فیصد کیا گیا۔
بریفنگ میں وزیرِاعظم کوبتایاگیاکہ لاڑکانہ کے ایک لاکھ 85 ہزار خاندان احساس کیش کی سہولت سے مستفید ہوں گے اور ان مستحق خاندانوں میں 2.2 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
اس دوران سینٹرپرموجود ریڑھی والوں نے وزیراعظم کوبتایا کہ ریڑھی لگانے کی اجازت نہیں دی جاتی جس پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریڑھی والوں کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے تاکہ وہ روزگار کماسکیں۔
خیال رہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کو 12 ہزار روپے تقسیم کیے جارہے ہیں جس کے لیے 144 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔